اسلام آباد: وفاقی حکومت کے آئندہ 22 ماہ کیلیے مرتب کردہ نئے منصوبے کے تحت میگا پروجیکٹس ان علاقوں میں شروع کیے جائیںگے جہاں ن لیگ کی سیاسی پوزیشن کمزور ہے۔ ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور اندرون بلوچستان میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوںسمیت میگا پروجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ن لیگ کے ایک سینئر رہنماکاکہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پنجاب کے علاوہ دیگرصوبوں میں بہت سی موٹرویز، ایکسپریس ویزاور سڑکیں بنائی جائیںگی۔ وزیراعظم سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق ترجیحی منصوبوں میں سڑکوں کے علاوہ 3 پاور پروجیکٹس اور 3 ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا میں ہزارہ ایکسپریس وے، ایبٹ آبادتا مانسہرہ ایکسپریس وے ترجیحی منصوبوں میں شامل ہیں، اسلام آبادتا پشاور موٹروے کی مرمت بھی کی جائے گی۔ بلوچستان میں بیلاتا آواران ہائی وے، بسمہ تاخضدار ہائی وے اور کوئٹہ تا خضدار ہائی وے ترجیحی منصوبے ہیں جبکہ گوادرتا ہوشاب موٹروے مکمل ہے، اسے آپریشنل کیا جائے گا۔ سندھ کے رتو ڈیروتا گوادر موٹروے، سکھرتا حیدرآباد موٹروے، ککرتاکراچی موٹروے اور لاہورتا کراچی موٹروے کے منصوبوں کو ترجیحی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ پنجاب میں ڈی جی خان تا کاکڑ موٹروے، لاہورتا کراچی موٹروے، ملتان تا فیصل آباد موٹروے، ملتان تا ڈی جی خان موٹروے و دیگر منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں ن لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کیلیے بجٹ میںرقوم رکھی گئی ہیں، نئے فنڈ کی ضرورت نہیں۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے سردار ادریس کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پختونخوا کے فنڈ نہیں دے رہی مگر میگا پروجیکٹس کے لیے اس کے پاس پیسے ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عوام نے تحریک انصاف کی دھرنا سیاست مستردکردی، انھیں چاہیے کہ وہ خیبرپختونخوامیں فلاحی منصوبوں پرتوجہ دیں۔
لاہور: وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود کے اوپر ان کے گھر کی چھت کا پنکھا گرگیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ لاہور میں رانا مشہود سرکاری رہائش گاہ میں اپنے کمرے میں موجود تھے کہ ان کے اوپر چھت کا پنکھا گرگیا جس کے نتیجے میں ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی تاہم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ زخم معمولی نوعیت کے ہیں جس کے باعث پریشانی کی ایسی کوئی بات نہیں۔
افغان مہاجرین کو اب مزید برداشت نہیں کر سکتے، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اسلام آباد: وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین نے 10 لاکھ ملازمتوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور انھیں پاکستان میں اب مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کو مہاجرین کی واپسی سے متعلق پلان دیا تھا جس پر افغانستان نے عمل نہیں کیا، افغان مہاجرین کو ہر حال میں واپس جانا ہوگا لیکن ہم باعزت اور رضاکارانہ طریقے سے مہاجرین کی واپسی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کا گلہ اور تحفظات درست ہیں، افغان مہاجرین نے پاکستان میں 10 لاکھ ملازمتوں پر قبضہ کررکھا ہے، افغان مہاجرین کو اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں۔ قبل ازیں وزارت خارجہ میں افغان مہاجری کی واپسی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کو افغانستان کے اندر کیمپوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکرٹری سیفران کی سربراہی میں کمیٹی کو حقیقت پسندی پر مبنی ایکشن پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان افغانستان کے اندر کیمپوں میں موجود مہاجرین کو 3 سال تک مفت گندم فراہم کرے گی جب کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی جانب سے وطن واپس جانے والوں کو امدادی رقم دوگنا کرنے کا خیر مقدم کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہاجرین کی واپسی کے لئے سہ فریقی کمیشن کا اجلاس 19 جولائی کو ہو گا جس میں افغان وزیز مہاجرین بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لئے افغان حکومت اور یواین ایچ سی آر سے فوری رابطے کا فیصلہ کیا گیا اور حکام کو بتایا گیا کہ وزارت سیفران اقوام متحدہ کے ادارہ اور افغان حکومت کی متعلقہ وزارت سے رابطہ کرے گی جب کہ وزارت خارجہ افغان حکومت سے سیاسی و سفارتی سطح پر رابطہ کرے گی۔
کراچی میں گلوکار و اداکار ندیم جعفری کی گاڑی پر فائرنگ کراچی: گلوکار اور ٹی وی آرٹسٹ ندیم جعفری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ٹی وی آرٹسٹ ندیم جعفری کی گاڑی پر فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے جب کہ ملزمان موبائل فونز، نقدی، کیش اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔
کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، بجلی کی فراہمی معطل کراچی: شہر بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ اکراچی میں موسلا دھار بارش ہونے سے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی غلط ثابت ہوگئی جب کہ شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، قیوم آباد، سپرہائی وے، اورنگی ٹاؤن، اولڈسٹی ایریا، ٹیچرسوسائٹی، گلستان کو آپرٹیوسوسائٹی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ شہر کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ گرگئے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی ایک روز بعد درست ثابت ہوگئی اور شہر کے مختلف علاقوں کراچی یونیورسٹی، گلستان جوہر، ماڑی پور، شارع فیصل، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی،جس سے گرمی کے ستائے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہلکی بارش کے باعث سڑکوں میں پھسلن ہوگئی جس سے کئی مقامات پر موٹر سائیکلوں کے پھسلنے کے واقعات پیش آئے ہیں جب کہ بارش کی چند بوندیں گرتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اورشہر میں جاریحبس کا زور ٹوٹ جائے گا۔ دوسری جانب حیدرآباد، ٹنڈو آدم ، ٹھٹھہ، بدین،ٹنڈو محمد خان، سجاول اور زیریں سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی ہے۔
مفتی عبدالقوی کو جان بوجھ کرذلیل نہیں کیا بلکہ وہ خدا کی پکڑمیں آئے ہیں، قندیل بلوچ لاہور: ماڈل و اداکارہ قندیل بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی کرتی ہیں سب سے سامنے کرتی ہیں اور انہوں نے مفتی عبدالقوی کو جان بوجھ کر ذلیل نہیں کیا بلکہ وہ خدا کی پکڑ میں آئے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قندیل بلوچ نے کہا کہ وہ جو کچھ بھی کرتی ہیں سب کے سامنے کرتی ہیں، انہیں دھمکی آمیزفون کالزاورای میل موصول ہورہی ہیں، جس میں انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، اس لئے انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، ڈی جی ایف آئی اے اور ایس ایس پی آپریشن سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے خط لکھا ہے، اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزارت داخلہ ہوگی۔ اس لئے ان کی وزیر داخلہ سے گذارش ہے وہ انہیں اور ان کے گھر والوں کو سیکیورٹی فراہم کریں۔ ماڈل گرل کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالقوی کو جان بوجھ کر ذلیل نہیں کیا، مفتی عبدالقوی غلط تھے، وہ خدا کی پکڑ میں آئے ہیں، ان کا جو چہرا بند کمرے میں دیکھا اس کے بعد فیصلہ کیا کہ ان کے اصل چہرے کو سامنے لایاجائے۔ قندیل بلوچ نے کہا کہ کچھ عناصرنے ان کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تصاویر چوری کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیئے ہیں اوراسے اس طرح اچھالا جارہا ہے جیسے ان کا اس ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے ان کے شناختی دستاویزات اچھالنےوالے کے خلاف ایکشن لیں کیونکہ کوئی بھی ان دستاویزات میں تبدیلی کرکے اسے استعمال کرسکتا ہے جس کی وہ کسی صورت ذمہ دار نہیں ہوں گی۔
سندھ میں 20 ہزار پولیس اہلکار فوج کی معاونت سے بھرتی کیے جائیں گے، چوہدری نثار اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس میں 20 ہزار بھرتیوں کے لیے پاک فوج معاونت کرے گی تاکہ بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ 2013 میں ہر روز 5، 6 دھماکے ہوتے تھے لیکن گزشتہ ڈیڑھ دو سال سے سیکیورٹی صورت حال میں بہت بہتری آئی، حالات مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے لیکن ہم دہشت گردوں کے خلاف زمینی جنگ جیت رہے ہیں اس لئے ایک دو واقعات سے قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیئے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے حالات بہتر ہوں لیکن کئی مہینوں بعد ایک واقعہ ہو جائے تو پچھلی ساری محنت ضائع ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کو قبول کیا جا رہا ہے، امریکا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی ہے جب کہ دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والی اموات میں 39 فیصد کمی آئی، کراچی جرائم میں پہلے چھٹے نمبر پر تھا لیکن اب 32 ویں نمبر پر ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ شہر کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ امجد صابری کے قاتل اور اویس شاہ کو اغوا کرنے والے ملزمان بچیں گے نہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
شادی شدہ افراد میں دل کے دورے کے بعد بچ جانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں لندن: ایک حالیہ معالعے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی شدہ افراد میں دل کے دورے کے بعد بچ جانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جب کہ غیر شادی شدہ اور مطلقہ خواتین و حضرات میں دل کا دورہ قدرے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے جب کہ ماہرین کے مطابق شادی جسمانی اور نفسیاتی طور پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔ برطانیہ میں کئے جانے سروے میں جنوری 2000 سے مارج 2013 تک 25 ہزار سے زائد اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ شادی شدہ افراد میں دل کے دورے کے بعد زندہ رہنے کی شرح بلند ہوتی ہے۔ مطالعے سے ثابت ہوا کہ کنوارے اور اکیلے رہنے والے افراد کے مقابلے میں شادی شدہ افراد میں دل کے دورے سے بچ جانے کی شرح 14 فیصد زیادہ ہوتی ہے ، شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ اکیلے پن میں ذیادہ اداس اورخود کو بے آسرا محسوس کرتے ہیں اوراس دوران ان کا ذہن بٹ نہیں پاتا جس کی وجہ سے ان میں سوچنے کی عادت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی شدہ افراد کنوارے اوراکیلے رہنے والے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے صحت یاب ہوتے ہیں۔
خواجہ سراؤں سے نکاح جائز ہے، فتویٰ لاہور: چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان اورناظم اعلیٰ اتحاد امت اسلامک سینٹر محمد ضیا الحق نقشبندی کی اپیل پر تنظیم اتحاد امت پاکستان کے 50 سے زائد علمائے کرام نے خواجہ سراؤں کے حوالے سے فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا خواجہ سراجس میں جسمانی طور پر مردانہ علامات پائی جاتی ہوں کا نکاح ایسے خواجہ سرا کے ساتھ جائز ہے جس میں جسمانی طور زنانہ علامات پائی جاتی ہوں جب کہ ان واضع علامات والے خواجہ سراؤں سے عام مرد اور خواتین بھی نکاح کرسکتی ہیں۔ ایسے خواجہ سرا جن میں مردوزن والی (یعنی دونوں ) علامتیں پائی جاتی ہوں ان کو خنثیٰ مشکل کہاجاتا ہے اور’’خنثیٰ مشکل‘‘ سے کسی مردوزن کا نکاح ہرگز جائز نہیں ۔ مفتیان کرام کاکہنا ہے خواجہ سراؤں کا جائیداد میں حصہ مقرر ہے، ایسے والدین جو اپنی اولاد کوخواجہ سرا ہونے کی وجہ سے جائیداد سے بے دخل اورگھروں سے نکال دیتے ہیں، اللہ کی بارگاہ میں سخت عذاب کے مستحق ہیں، حکومت ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔ خواجہ سراؤں پر آوازیں کسنا، مذاق اُڑانا، تذلیل کرنا، حقیر سمجھنا، شرعی طور پرناجائز اورحرام ہے کیونکہ ان کے ساتھ ایسا عمل روا رکھنا اللہ تعالیٰ کی تخلیق پر اعتراض ہے جو شرعی طور پر درست نہیں، انھیں حقارت کی نظر سے دیکھنا اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا سبب بن سکتا ہے ۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے خواجہ سراؤں کا نمازجنازہ مسلمان مرد اورعورت کی طرح پڑھا جائے گا، ان کے کفن دفن کے معاملات بھی کیے جائیں گے۔ فتویٰ میں خواجہ سرائوں کو خبردار کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے عام افراد کو ہر طرح کی برائی سے منع فرمایااسی طرح خواجہ سراؤں کے لیے بھی یہی احکامات ہیں۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اوردیگرشرعی احکام جس طرح مسلمان مرد و زن پر فرض ہیں اسی طرح مسلمان خواجہ سراؤں پر بھی فرض ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ خواجہ سراؤں کے حقوق کا پورا پورا خیال رکھے اور علمائے کرام کی زیر نگرانی ان کے حوالے سے قانون سازی کرے تاکہ عوام میں پائی جانے والی منفی سوچ اورفکر کا قلع قمع ہو۔ مفتیان کرام نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ کو فور ی طور پرخواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ جاری کرنے کا حکم دیں۔
خیبرپختونخوا افغانوں کا ہے اور وہ یہاں بلا خوف رہ سکتے ہیں، محمود خان اچکزئی کابل: پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا پر افغان عوام کا حق ہے اور وہ بلا خوف و خطر وہاں رہ سکتے ہیں ۔ افغانستان سے شائع ہونے والے ایک اخبار، افغانستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ کسی افغان کو اس کی اپنی سرزمین پر ہراساں کرنے اجازت نہیں دیں گے، اگر افغانوں کو پاکستان کے کسی دوسرے علاقے میں خوف کا سامنا ہے تو وہ خیبرپختونخوا میں آکر بس جائیں کوئی ان سے شناخت طلب نہیں کرے گا کیونکہ یہ علاقہ ان ہی کا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے حکومت پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو دوبارہ ان کے ملک بھیجنے کی نئی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا صوبہ افغانوں کے لیے ہے اور افغان عوام یہاں بلا خوف و خطر رہ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اورافغانستان طورخم بارڈر کا مسئلہ حل نہیں کرسکتے تو وہ امریکا اورچین پر چھوڑ دیں یہ دونوں ممالک 2 ہفتے میں اس مسئلے کو حل کردیں گے۔ دوسری جانب محمود خان اچکزئی نے اپنے انٹرویو کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جب کہ میں نے انٹرویو میں کہا تھا کہ خیبرپختونخوا تاریخی طور پر افغانستان کا حصہ رہا ہے۔
عید کا چاند 5 جولائی کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، محکمہ موسمیات کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کا چاند 5 جولائی کا نظرآنے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کا چاند 5 جولائی کو نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ شوال المکرم کا چاند 4 جولائی کی صبح 4 بجے پیدا ہوجائے گا اور 5 جولائی 29 ویں روزے کی شام شوال کے چاند کی عمر 27 گھنٹے 51 منٹ ہوگی۔ مطلع صاف ہونے کی صورت میں کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں عوام کسی دوربین کے بغیر بھی چاند دیکھ سکیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 ویں روزے کو کراچی میں غروب آفتاب کے بعد عید کا چاند 44 منٹ تک دیکھا جاسکے گا جب کہ کراچی، پسنی اور حیوانی میں شفق ختم ہونے کے بعد بھی 18 منٹ تک چاند کو دیکھا جاسکے گا۔
ندیل بلوچ کی ’’بگ باس ‘‘میں شرکت کی خواہش ادھوری رہ گئی لاہور: اداکارہ قندیل بلوچ کی بھارتی چینل کے مقبول پروگرام ’’ بگ باس ‘‘ میں شرکت کی خواہش ادھوری رہ گئی۔ اداکارہ کی گزشتہ کئی ماہ سے جاری کوششوں کے باوجود چینل انتظامیہ نے انھیں پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ نے ’’بگ باس ‘‘ میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی لیکن کچھ عرصہ بعد ہی ان کی درخواست یہ کہہ کر مستردکردی گئی کہ پروگرام میں ایسے لوگوں کو شامل نہیں کیا جاتا جن پرکسی قسم کا کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہو۔ پروگرام میں شرکت کے لیے قندیل بلوچ نے بھی سوشل میڈیا پراپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اوراب مفتی عبدالقوی کے ساتھ ان کا وڈیو کلپ آجانے کے باوجود بھی انھیں پروگرام میں انٹری نہیں مل سکی۔ جس کے بعدان کی راتوں رات انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کے خواب چکنا چور ہوکررہ گئے ہیں۔ س بارے میں قندیل بلوچ نے بتایا کہ ’’ بگ باس‘‘ کی انتظامیہ نے مجھے باقاعدہ مطلع کردیا ہے کہ میں اس پروگرام میں شرکت نہیں کرسکتی کیونکہ میرا ایک کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کے طریقہ کارکے مطابق ایسے فنکاروں، کھلاڑیوں، ماڈلز اورسیاستدانوں کے علاوہ دیگرشعبوں کی معروف شخصیات کوپروگرام کا حصہ بنایا جاتا ہے ، جومتنازعہ ہوں۔ اسی سلسلہ میں پاکستانی اداکارہ وینا ملک کوبھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خودکش حملے، 40 پولیس اہلکار ہلاک کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں خود کش حملے میں 40 پولیس اہلکارہلاک ہوگئے جب کہ افغان فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ نورستان میں فضائی کارروائی کے دوران 73 سے زائد طالبان بھی مارے گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے پغمان میں پولیس کے قافلے پر یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 40 اہلکار ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کے حکام کاکہنا تھا کہ بسوں میں سوار پولیس اہلکاروں نے ابھی اپنی تربیت مکمل کی تھی اور انہیں کہیں تعینات نہیں کیا گیا تھا۔ دوسری جانب افغان فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ نورستان کے ضلع کمدیش میں درجنوں طالبان نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کے جواب میں بھرپور کارروائی کی گئی، اس آپریشن میں امریکی اور افغان فضائیہ نے بھی حصہ لیا جس کے نتیجے میں 73 سے زائد طالبان ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے
امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں، آئی جی سندھ کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی صورتحال سمیت امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ کے اغوا پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کابینہ کو بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے بتایا کہ پولیس مقتول امجد صابری کے قاتلوں کے بہت قریب پہنچ چکی ہے جب کہ مغوی اویس شاہ سے متعلق یقین ہےکہ اغواکاروں نے انہیں کراچی میں ہی رکھا ہوا ہے تاہم ان کا موبائل فون آن کرنا اور اس سے کہیں اور کی لوکیشن ظاہر کرنا تفتیشی حکام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ واضح رہے کہ امجد صابری کو 22 جون کی دوپہر کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور اس حوالے سے تفتیش میں کوئی خاص پیشرفت سامنے نہیں آسکی ہے جب کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کو 20 جون کو دن دہاڑے کلفٹن سے اغوا کیا گیا اور اس حوالے سے بھی تفتیشی ادارے کوئی اہم سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں تاہم اویس شاہ کے اغوا کے 72 گھنٹے بعد ان کا موبائل فون آن ہوا جو صرف 6 منٹ تک آن رہا جب کہ موبائل کی لوکیشن خیبرایجنسی ظاہر ہوئی ہے جسے تفتیشی حکام نے گمراہ کی کوشش قرار دیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیز بارش سے موسم خوش گورا ہوگیا جب کہ اس دوران گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی ایک روز بعد درست ثابت ہوگئی اور شہر کے مختلف علاقوں کراچی یونیورسٹی، گلستان جوہر، ماڑی پور، شارع فیصل، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی،جس سے گرمی کے ستائے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہلکی بارش کے باعث سڑکوں میں پھسلن ہوگئی جس سے کئی مقامات پر موٹر سائیکلوں کے پھسلنے کے واقعات پیش آئے ہیں جب کہ بارش کی چند بوندیں گرتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اورشہر میں جاریحبس کا زور ٹوٹ جائے گا۔ دوسری جانب حیدرآباد، ٹنڈو آدم ، ٹھٹھہ، بدین،ٹنڈو محمد خان، سجاول اور زیریں سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی ہے۔
ٹاؤن آفیسرسے جھگڑنا عائشہ ممتاز کو مہنگا پڑگیا، 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس لاہور: گزشتہ دنوں لاہور کی مارکیٹ میں ٹاؤن آفیسر اور ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ٹاؤن آفیسر نے عائشہ ممتاز کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔ چندروز قبل لاہور کی غالب مارکیٹ میں رمضان بازارمیں ناقص گوشت پکڑنے پر ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز اور ٹاؤن آفیسر کے درمیان کارروائی کو لے کر جھگڑا ہوگیا جس میں عائشہ ممتاز نے اس کارروائی کو اپنے کھاتے میں ڈالنا چاہا لیکن ٹاؤن آفیسر اس کارروائی کو اپنی کارروائی قراردیتے ہوئے عائشہ ممتاز سے الجھ پڑا اور اس دوران دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہوئی۔ عائشہ ممتاز اور ٹاؤن آفیسر غلام سرور کے درمیان جھگڑا مزید طول پکڑ گیا ہے جس میں ٹاؤن آفیسر نے سرکاری کام سے روکنے اور بدتمیزی کرنے پر ڈائریکٹر فوڈاتھارٹی عائشہ ممتاز کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے جب کہ ان سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مشہور بھارتی ٹی وی اداکارہ ’’کم کم‘‘ کا 4 سال بعد انڈسٹری میں واپس کا فیصلہ ممبئی: معروف بھارتی ڈرامے ’’کم کم‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ جوہی پارمر نے ٹی وی انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی وزن میں 17 کمی کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ مشہور بھارتی ڈرامہ سیریل ’’کم کم‘‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ جوہی پارمر کا شمارٹی وی انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے جلد ہی چھوٹے پردہ اسکرین پر کامیابیاں سمیٹی ہیں جب کہ شادی کے بعد مشہور اداکارہ نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا جس کے بعد اب اداکارہ نے ایک بار پھر چھوٹی پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اداکارہ نے 4 سال بعد دوبارہ اداکاری کے میدان میں آن کے لیے اپنے وزن میں 17 کلو کمی کرکے سب کو حیران کردیا ہے جب کہ اداکارہ وزن میں کمی کے بعد نہ صرف پہلے سے زیادہ جوان و حسین نظر آرہی ہیں بلکہ انہیں کسی صورت پہچاننا آسان نہیں ہے جس کے بعد اداکارہ جلد ہی نئے رئیلٹی شو میں اپنے نئے روپ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
کراچی میں ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی چھین لی گئی کراچی: مسلح افراد نے ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی ۔ ا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی گلشن اقبال میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی تاہم کشور زہرا اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرائیور سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی اور ملزم گاڑی چھیننے کے بعد فرار ہو گئے، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گاڑی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
کراچی کے 2 نوجوانوں کا دیوار پر پورٹریٹ بناکر امجد صابری کو خراج عقیدت کراچی: کورنگی میں 2 نوجوانوں نے معروف قوال امجد فرید صابری کی پورٹریٹ ایک دیوارمیں بناکر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری کی موت یقیناً ایک قومی سانحہ اورایسی خلا ہے جسے شاید کبھی پرنہیں کیا جاسکتا ، مداحوں کی جانب سے امجد صابری کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں ان کے پرستاراپنے اپنے اندازمیں امجد صابری مرحوم کوخراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں۔ شہرقائد کے علاقے کورنگی میں 2 نوجوانوں رضا اورعاقب نے ایک دیوار کو امجد صابری کی تصویر سے پینٹ کیا، عالمی قوال کی تصویربنانے میں نوجوانوں کو3 گھنٹےلگے۔ واضح رہے کہ 22 جون کوعالمی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری کودن دہاڑے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا تھا۔